ضلعی انتظامیہ شفافیت اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے، ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مختلف تعمیراتی منصوبوں اور ہاؤسنگ اسکیموں کے نقشوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی و ضلع کونسل ضیاء اللہ رانجھا، میونسپل آفیسر پلاننگ، میونسپل آفیسر فنانس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد ضلع میں کمرشل اور رہائشی تعمیراتی منصوبوں اور نقشوں کی فنی جانچ پڑتال کے بعد ان کی منظوری دینا تھا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی اور دیگر ممبران کے ہمراہ مختلف عمارتوں کے ڈیزائن اور نقشوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کسی بھی تعمیراتی منصوبے کی منظوری دیتے وقت پارکنگ کی مناسب جگہ، ماحولیاتی تحفظ اور قانونی ضوابط کو ہر صورت مدنظر رکھا جائے۔
چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ضیاء اللہ رانجھا نے کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تمام کیسز کی جانچ پڑتال رائج قوانین کے مطابق کی جا رہی ہے تاکہ مستقبل میں شہری آبادی کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ شفافیت اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اور نقشوں کی منظوری کے عمل کو مزید آسان بنایا جا رہا ہے تاکہ سرمایہ کاروں اور شہریوں کو بلاوجہ انتظار نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی جائے اور صرف وہی منصوبے منظور کیے جائیں جو ڈسٹرکٹ پلاننگ اینڈ ڈیزائن کمیٹی کے مقرر کردہ معیار پر پورا اترتے ہوں۔
اجلاس کے اختتام پر متعدد زیر التوا کیسز پر تفصیلی بحث کے بعد ان کے حوالے سے حتمی فیصلے صادر کیے گئے۔



