جہلم میں مہنگائی کا جن بے قابو، اشیائے خورونوش عوام کی پہنچ سے دور، پرائس کنٹرول نظام پر سوالات

جہلم شہر سمیت ضلع بھر میں مہنگائی کے بڑھتے ہوئے دباؤ نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر کے علاوہ تحصیل دینہ، سوہاوہ اور پنڈدادنخان کے مختلف بازاروں میں روزمرہ استعمال کی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ روٹی، دودھ، سبزیاں، پھل، مرغی کا گوشت، گائے اور بکرے کا گوشت، چینی، گھی، تیل، آٹا اور دالیں سمیت بنیادی اشیاء عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں۔
شہریوں کے مطابق مقامی بازاروں میں بکرے کا گوشت تقریباً 2 ہزار 800 روپے فی کلو جبکہ گائے کا گوشت 1200 سے 1400 روپے فی کلو تک فروخت کیے جانے کی شکایات ہیں۔ شہریوں کا الزام ہے کہ بعض قصاب مبینہ طور پر کمزور اور لاغر جانور ذبح کرکے بھی من مانے نرخوں پر گوشت فروخت کر رہے ہیں۔
شہریوں نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بازاروں میں سرکاری نرخ نامے تو آویزاں کیے جاتے ہیں، تاہم ان پر عملدرآمد دکھائی نہیں دیتا۔ ان کے مطابق مہنگائی کے موجودہ دور میں غریب اور متوسط طبقے کے لیے روزمرہ ضروریات پوری کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے اور خودساختہ قیمتوں نے گھریلو بجٹ کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔
دیہی علاقوں سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے چینی کی قیمتوں میں اضافے کی بھی شکایت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بعض مقامات پر چینی سرکاری نرخ سے زائد قیمت پر فروخت کی جا رہی ہے۔
شہریوں نے مزید شکایت کی کہ بعض بازاروں میں غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ اشیائے خورونوش کی فروخت بھی جاری ہے، جس سے عوام کی صحت کو خطرات لاحق ہیں۔ ان کے مطابق متعلقہ محکموں کی چیکنگ کا نظام مؤثر نہ ہونے کے باعث بعض کارروائیاں محض کاغذی کارروائی تک محدود دکھائی دیتی ہیں۔
مقامی شہریوں اور بعض تاجروں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے مہنگائی کے خلاف کارروائیوں کے دعوے کیے جاتے ہیں، تاہم زمینی صورتحال مختلف ہے۔ ان کے مطابق اگر پرائس کنٹرول میکانزم کو مؤثر بنایا جائے، سرکاری نرخ ناموں پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور منافع خوری کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کی جائیں تو اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے۔
عوامی و سماجی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری زراعت، کمشنر راولپنڈی ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع جہلم میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کا فوری نوٹس لیا جائے، پرائس کنٹرول نظام کو فعال بنایا جائے اور من مانے نرخ وصول کرنے والے عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کی جائے تاکہ شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔



