پنڈدادنخان: روال پہاڑی علاقہ میں مزدا ٹرک کھائی میں جا گرا، 2 افراد جاں بحق، 13 افراد زخمی

پنڈدادنخان: روال پہاڑی علاقے میں مزدا ٹرک گہری کھائی میں جا گرا، حادثہ میں بچے سمیت 2 افراد جاں بحق اور 13 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں اور ڈیڈ باڈیز کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے پہاڑی علاقہ روال میں بکروال خاندان سے بھرا مزدا ٹرک گہری کھائی میں جا گرا جس کے نتیجہ میں بچے سمیت دو افراد جاں بحق ہو گئے جن کی نعشیں ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے نکال لیں۔

حادثہ میں بچوں اور خواتین سمیت 13 افراد شدید زخمی ہوئے جن میں سے چھ زخمیوں کو فوری طور پر دھریالہ جالپ کے ایک نجی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ باقی زخمیوں کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پنڈدادنخان اور ٹی ایچ کیو ہسپتال کٹاس منتقل کر دیا گیا۔

ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فائر وہیکل سمیت جائے حادثہ پر پہنچ کر امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ گہری کھائی میں گرے ٹرک سے دیگر مسافروں کو بھی نکالا جا رہا ہے۔

مزدا ٹرک بکروال خاندان کو روال سے آڑہ بشارت لے کر جا رہا تھا۔ حادثے کے اسباب جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button