گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول آڑہ ڈومیلی میں شاندار سالانہ رزلٹ کی پروقار تقریب

سوہاوہ: گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول آڑہ (ڈومیلی) میں سالانہ رزلٹ کے سلسلے میں ایک پروقار اور رنگارنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مہمانِ خصوصی مسز ڈاکٹر فاخر شاہ گیلانی نے شرکت کی، جبکہ اساتذہ، والدین اور طلبہ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآن پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے کیا گیا، جس کے بعد طلبہ و طالبات نے مختلف ٹیبلوز اور خوبصورت پرفارمنس پیش کر کے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کلسٹر مینیجر سر فیصل محمود (مسلم ہینڈز پاکستان) نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور سکول کے اساتذہ کی محنت، لگن اور پیشہ ورانہ خدمات کو سراہا۔ انہوں نے طلبہ کی شاندار کارکردگی کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی اساتذہ اور والدین کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول آڑہ (ڈومیلی) علاقے کے نمایاں تعلیمی اداروں میں شمار ہوتا ہے، جہاں مختلف قومی و تعلیمی دنوں کے حوالے سے ہم نصابی سرگرمیاں باقاعدگی سے منعقد کی جاتی ہیں، جنہیں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی شیئر کیا جاتا ہے۔
اس موقع پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے جبکہ مستحق بچوں کو یونیفارم بھی فراہم کیے گئے، جس سے بچوں میں خوشی اور جوش و خروش دیکھنے میں آیا۔
ہیڈ ٹیچر میم نبیلہ اور ان کا پورا تدریسی عملہ اپنی انتھک محنت، لگن اور خلوص کے ساتھ سکول کو ترقی کی راہ پر گامزن کیے ہوئے ہیں، جس پر وہ خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔
تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی ڈاکٹر فاخر شاہ گیلانی نے سکول انتظامیہ اور اساتذہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔



