طوفانی ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا الرٹ جاری

جہلم: محکمہ موسمیات نے جہلم سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک، تیز ہواؤں اور بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی ہے، جبکہ موسمی صورتحال کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے باقاعدہ الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق محکمہ موسمیات کے مطابق جہلم، لاہور، میانوالی، خوشاب، چکوال، تلہ گنگ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ اور حافظ آباد سمیت مختلف علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اسی طرح گلگت بلتستان کے اضلاع گلگت، اسکردو، ہنزہ نگر، دیامر، استور، کھرمنگ، شگر اور خانچے میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں اور بارشوں کے باعث سڑکوں پر پھسلن، حدِ نگاہ میں کمی، بجلی کی فراہمی متاثر ہونے اور کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ ادارے نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، کمزور عمارتوں، کچے مکانات، بجلی کے کھمبوں، درختوں اور سائن بورڈز سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق جہلم سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی اور خشک موسم کا سلسلہ بھی برقرار رہنے کا امکان ہے۔ کم سے کم درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی توقع ہے، جبکہ گرمی کی شدت محسوس ہونے والا درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس وقت پوٹھوہار ریجن سمیت پنجاب بھر میں کوئی مضبوط بارش برسانے والا موسمی نظام موجود نہیں، تاہم بعض علاقوں میں مقامی سطح پر بادل بننے کے باعث کہیں کہیں ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان موجود ہے۔
ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ شدید گرمی کے دوران غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔



