جہلم: معروف سماجی شخصیت سید خلیل حسین کاظمی نے کہا ہے کہ جہلم ضلع بھر میں بجلی کی بڑھتی ہوئی اعلانیہ و غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ سے صارفین واپڈا کا جینا محال ہوتا جا رہا ہے۔ آئیسکو سرکل جہلم کے ذمہ داران اور وفاقی وزیر پانی وبجلی شہر میں بڑھتے ہوئے بجلی کے بحران پر قابو پانے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں جبکہ بجلی کے بلوں میں ہوشربا اضافے سے صارفین کی مالی مشکلات میں خاصا اضافہ ہوچکا ہے۔
سید خلیل حسین کاظمی نے اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اعلانیہ و غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ شدید گرمی اورحبس کے موسم میں گھروں اور ہسپتالوں میں موجود مریضوں بزرگوں اور چھوٹے بچوں کے لیے بھی تکالیف میں اضافے کا باعث بن رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم وزیراعظم پاکستان، وفاقی وزیر پانی و بجلی سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ شہر سمیت ضلع بھر میں بجلی کی اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ جیسے عوامی مسائل فوری طور پر حل کروائے جائیں کیونکہ بجلی انسانی زندگی کی بنیادی ضرورت بن چکی ہے اور اگرآئیسکو بجلی صارفین سے ہر مہینے فی گھر ہزاروں روپے بجلی کے بلز کی مد میں وصول کر رہا ہے تو پھر بلا تعطل بجلی فراہم کرنا بھی محکمے کی اولین ذمہ داری میں شامل ہونا چاہیے۔
سید خلیل حسین کاظمی نے کہا کہ شدید گرمی اور حبس کے موسم میں صارفین کوگھروں میں پانی بجلی اور سوئی گیس جیسی بنیادی ضروریات زندگی فراہم نہ کرنا متعلقہ وزارتوں کے وزرا اور ائیر کنڈیشنڈ دفتروں میں بیٹھے افسران کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے ، حکمرانوں کو صارفین کے بنیادی حقوق پر توجہ دینا ہوگی۔
