الیکٹرک اسکوٹی حادثات اور کم عمر ڈرائیونگ کی روک تھام کیلئے آگاہی سیمینار، طالبات میں مفت ہیلمٹس تقسیم

جہلم: الیکٹرک اسکوٹیز کے بڑھتے ہوئے حادثات اور کم عمر ڈرائیونگ کی روک تھام کے لیے ضلعی انتظامیہ جہلم اور حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی کے اشتراک سے پنجاب یونیورسٹی جہلم کیمپس میں آگاہی سیمینار منعقد کیا گیا، جس میں بچوں اور بچیوں کو ٹریفک قوانین، محفوظ سفر اور حادثات سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی، جبکہ اسکوٹیز استعمال کرنے والی طالبات میں مفت ہیلمٹس بھی تقسیم کیے گئے۔
سیمینار پنجاب یونیورسٹی جہلم کیمپس کے سیمینار ہال میں منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پنجاب یونیورسٹی جہلم کیمپس ڈاکٹر مدثر غفور، صدر حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی توصیف بیگ، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 سعید احمد، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر جہلم محمد عبداللہ راجہ اور زیرِ تربیت اسسٹنٹ کمشنرز بھی موجود تھے۔
سیمینار کے دوران ریسکیو 1122 کے عملے نے شرکاء کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے طریقوں، الیکٹرک اسکوٹیز کے محفوظ استعمال، ٹریفک قوانین کی پابندی اور حادثے کی صورت میں فوری طور پر کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں آگاہی اور تربیت فراہم کی۔
اس موقع پر اسکوٹیز استعمال کرنے والی طالبات میں مفت ہیلمٹس تقسیم کیے گئے۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ کم عمر ڈرائیوروں میں ٹریفک قوانین سے متعلق شعور اجاگر کرنا، محتاط انداز میں گاڑی چلانا اور حفاظتی سامان کا استعمال یقینی بنانا حادثات کی روک تھام کے لیے انتہائی اہم ہے۔ والدین کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو ٹریفک قوانین کی پابندی اور محفوظ ڈرائیونگ کی اہمیت سے آگاہ کریں۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے گرین جہلم، گرین پراجیکٹ کے تحت پودا لگا کر شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے سرسبز ماحول کے فروغ اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کی ضرورت پر زور دیا۔
تقریب کے دوران حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی کے صدر توصیف بیگ اور راشد میر فرینڈز آٹوز کے تعاون کو بھی سراہا گیا۔
ضلعی انتظامیہ جہلم، حمزہ بیگ ویلفیئر سوسائٹی، پنجاب یونیورسٹی جہلم کیمپس، ریسکیو 1122 اور دیگر معاونین کی مشترکہ کاوش کا مقصد کم عمر اسکوٹی سواروں میں محفوظ ڈرائیونگ کا شعور اجاگر کرنا، حفاظتی تدابیر اپنانے کی ترغیب دینا اور ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر آگاہی فراہم کرنا تھا۔



