ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، سرکاری ہسپتالوں کا بجٹ متاثر

جہلم: ملک بھر کی طرح جہلم میں بھی ادویات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے سرکاری علاج گاہوں کو شدید مالی دباؤ کا شکار کر دیا ہے، جس کے باعث ہسپتالوں کے ادویات کے بجٹ پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق رواں سال کے دوران مختلف ادویات کی قیمتوں میں 100 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں سرکاری ہسپتالوں کو مریضوں کے لیے مطلوبہ مقدار میں ادویات کی فراہمی میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ادویات کی قیمتوں میں بار بار اضافے کے پیش نظر ہسپتالوں کے لیے مزید فنڈز کی ضرورت ہے، تاہم بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ نہ ہونے کے باعث صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے۔
مزید یہ کہ مالی سال کے آخری کوارٹر میں ہسپتالوں کے بجٹ میں بھاری کٹوتی کا بھی انکشاف ہوا ہے، جس سے ادویات کی خریداری کا عمل مزید متاثر ہوا ہے اور مریضوں کو درپیش مشکلات میں اضافہ ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے تناسب سے ہسپتالوں کے بجٹ میں اضافہ نہ کیا گیا تو سرکاری سطح پر علاج کی فراہمی بری طرح متاثر ہو سکتی ہے، جس کا براہِ راست اثر غریب اور متوسط طبقے پر پڑے گا۔



