ہم کسی بھی غیر ملکی جارحیت کے خلاف موثر دفاع کیلئے تیار ہیں، عاصم افتخار احمد، جنگ ستمبر کے شہدا کو خراج تحسین

پیرس: سفیر پاکستان عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ ہمیں 6 ستمبر افواج پاکستان اور عوام کی مثالی جرات، بے مثال عزم، بے مثال قربانی کے جذبے اور بہادری کی یاد دلاتا ہے۔

پاکستانی سفارتخانہ، پیرس نے یوم دفاع و شہداء پاکستان کی یاد میں ایک استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا۔ تقریب میں اراکین پارلیمنٹ، سفیروں، دفاعی اتاشیوں، فرانسیسی مسلح افواج کے معززین، امور خارجہ، دفاعی صنعت اور تھنک ٹینک کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اس موقع پرسفیرپاکستان عاصم افتخار احمد نےمزید کہا کہ تمام قومیں اپنے ہیروز کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں، اور بڑے پیمانے پر کہا جائے تو اس طرح کی یادگاریں ان تمام مردوں اور عورتوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں جو صحیح مقصد کے لیے لڑتے ہیں اور اپنے وطن کا دفاع کرتے ہیں۔

انہوں یوم دفاع اپنے استقبالیہ کلمات میں مہمانوں کا شرکت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی موجودگی پاکستان کے ساتھ دوستی اور تعاون کے بندھن کی نشاندہی کرتی ہے۔

سفیر نے پاکستان کی دفاعی افواج اور شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کسی بھی ملک کے خلاف کوئی جارحانہ عزائم نہیں رکھتا، لیکن آج ہم کسی بھی سطح اور پیمانے پر کسی بھی غیر ملکی جارحیت کے خلاف موثر انداز میں دفاع کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر اقوام متحدہ کے امن مشن کے تحت علاقائی اور عالمی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کا ذکر کیا۔

سفیر پاکستان نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ پاکستان انسداد دہشت گردی میں عالمی برادری کی اجتماعی کوششوں میں بھی کلیدی شراکت دار رہا ہے۔ انہوں نے تنازعات اور عدم استحکام کی بنیادی وجوہات کو حل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے بات چیت، سفارت کاری اور بین الاقوامی قانون کے احترام کے فوائد کی وکالت کی۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق تنازعات کا پیسیفک تصفیہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا سنگ بنیاد ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازع جموں و کشمیر کا منصفانہ اور پرامن حل جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام اور ہمارے خطے کی ترقی کی مکمل صلاحیتوں کو کھولنے کے لیے ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ذمہ دار ارکان سے توقع کرتا ہے کہ وہ بین الاقوامی قانونی جواز اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر تنازع کے پرامن حل کو فروغ دینے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے، تاکہ کشمیری عوام اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کا استعمال کر سکیں جس کا وعدہ کیا گیا تھا۔ اسی طرح پاکستان غیر قانونی قبضے کے خلاف اور حق خودارادیت اور ریاست کے لیے فلسطینی عوام کی منصفانہ جدوجہد میں مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔

پاک فرانس کثیر جہتی دوطرفہ تعلقات بشمول دیرینہ دفاعی تعلقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے سفیر نے باہمی فائدے کے لیے اس شراکت داری کو مزید آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان عالمی امن، سلامتی اور ترقی کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے شراکت داری قائم کرنے اور بین الاقوامی تعاون کو مضبوط بنانے پر یقین رکھتا ہے۔ پاکستان اس اجتماعی کوشش میں اپنے تمام دوستوں اور شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرتارہے گا۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button