پنڈدادنخان میں سی سی ڈی سے مبینہ مقابلے میں تین خطرناک ملزمان ہلاک

پنڈدادنخان میں سی سی ڈی کے ساتھ مبینہ مقابلے میں خاتون اور اس کے دوست کو غیرت کے نام پر قتل کرنے والے شوٹر سمیت 3 خطرناک ملزمان مارے گئے۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان میں سی سی ڈی اور خطرناک ملزمان کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں شوٹر سمیت 3خطرناک ملزمان ہلاک ہوگے۔

ترجمان سی سی ڈی جہلم کے مطابق ہلاک ملزمان پروفیشنل شوٹرز کے ذریعے قتل اور نام نہاد غیرت کے نام پر ہونے والی وارداتوں میں ملوث ایک خطرناک گینگ کا حصہ تھے۔

ترجمان کے مطابق تقریباً ڈیڑھ سال قبل پنڈدادنخان کی رہائشی چار بچوں کی ماں مسماۃ فوزیہ بتول کو مبینہ طور پر اس کے والد اور بھائی نے غیرت کے نام پر تشدد کے بعد فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ اس مقدمے میں مقتولہ کے بھائی طاہر حیات کے خلاف تھانہ للہ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں وہ راضی نامے کی بنیاد پر بری ہو گیا۔

ترجمان سی سی ڈی جہلم کے مطابق بعد ازاں 6 مئی 2026 کو ملزمان نے مبینہ طور پر منصوبہ بندی کے تحت پروفیشنل شوٹرز کے ذریعے ظفر اقبال نامی شخص کو بھی قتل کروا دیا، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

سی سی ڈی جہلم نے ان وارداتوں کو چیلنج کے طور پر لیتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے منصوبہ ساز ملزمان اور شوٹرز کو ٹریس کیا۔

ترجمان کے مطابق 14 مئی 2026 کو سی سی ڈی ٹیم انسداد جرائم کارروائی کے سلسلے میں تھانہ پنڈدادنخان کے علاقے چوران میں موجود تھی کہ اطلاع ملی کہ مقدمہ قتل میں مطلوب ملزمان دو موٹرسائیکلوں پر “پتن پتھر ندی” کی جانب جا رہے ہیں۔ سی سی ڈی ٹیم موقع پر پہنچی تو وہاں موجود 5 سے 6 ملزمان نے مبینہ طور پر پولیس ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس سے سرکاری گاڑی کو نقصان پہنچا، تاہم اہلکار محفوظ رہے۔

سی سی ڈی ٹیم کی جانب سے جوابی کارروائی اور تعاقب کے بعد فائرنگ رکنے پر تین ملزمان مردہ حالت میں پائے گئے، جن کی شناخت باطی خان ولد غلام رسول سکنہ بگا تحصیل پنڈدادنخان، محمد وقاص ولد محمد نواز اور محمد حارث ولد غلام رسول سکنائے کٹھہ سگھرال ضلع خوشاب کے نام سے ہوئی۔

سی سی ڈی نے موقع سے ایک موٹرسائیکل 125، ایک رائفل 8 ایم ایم اور تین پسٹل 30 بور قبضے میں لے لیے، جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

ترجمان کے مطابق ہلاک ملزم محمد حارث 26 سے زائد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ اور انتہائی خطرناک کریمنل تھا، جو ضلع خوشاب کے علاقے کٹھہ سگھرال میں خوف کی علامت سمجھا جاتا تھا۔

سی سی ڈی جہلم کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر، پروفیشنل شوٹرز اور نام نہاد غیرت کے نام پر قتل میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

Exit mobile version