دینہ کے علاقے مالدیو میں گیس لیکیج سے گھر کے کچن میں آگ بھڑک اٹھی، ایک شخص شدید جھلس کر زخمی

دینہ کے نواحی علاقے مالدیو میں گیس لیکیج سے گھر کے کچن میں آگ بھڑک اٹھی، ایک شخص شدید جھلس کر زخمی ہو گیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل دینہ کے نواحی علاقے مالدیو میں گیس سلنڈر سے گیس کے اخراج کے باعث گھر کے کچن میں جمع ہونے والی گیس نے چولہا جلانے کے دوران اچانک آگ پکڑ لی، جس کے نتیجے میں ایک شخص شدید جھلس کر زخمی ہو گیا۔
ریسکیو 1122 کے مطابق مالدیو میں ایک گھر کے کچن میں گیس سلنڈر سے گیس لیک ہو رہی تھی، جس کے باعث گیس کچن میں جمع ہو گئی۔ چولہا جلانے کے لیے جیسے ہی آگ جلائی گئی تو جمع شدہ گیس نے اچانک آگ پکڑ لی، جس کے نتیجے میں ایک شخص آگ کی لپیٹ میں آ کر جھلس کر شدید زخمی ہو گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کے کنٹرول روم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک ایمبولینس اور ایک فائر وہیکل جائے وقوعہ پر روانہ کیے۔ ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر متاثرہ شخص کو فوری ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔
ریسکیو اہلکاروں کے مطابق متاثرہ شخص کا جسم 36 فیصد سے زائد جھلس چکا تھا، جس کے باعث اسے مزید طبی امداد کے لیے ریسکیو ایمبولینس کے ذریعے ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم منتقل کر دیا گیا۔
دوسری جانب فائر ریسکیو ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے گھر کے کچن میں لگی آگ پر مکمل قابو پا لیا اور اسے مزید پھیلنے سے روک دیا۔ ریسکیو کی فوری کارروائی کے باعث آگ پر بروقت قابو پاتے ہوئے صورتحال کو مزید خراب ہونے سے بچا لیا گیا۔



