جہلم کے پوسٹ آفس میں شناختی کارڈ سروس بند

جہلم: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے جہلم سمیت ملک بھر کے جنرل پوسٹ آفسز (جی پی اوز) میں شناختی کارڈ سے متعلق خدمات کو باضابطہ طور پر بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ نادرا کے ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ عوامی سطح پر کم استعمال اور آ گاہی کی کمی کے باعث کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ نادرا نے تین سال قبل عوام تک کلیدی خدمات کی رسائی کو آسان بنانے کے لیے پاکستان پوسٹ کے ساتھ معاہدہ کیا تھا، جس کے تحت بڑے شہروں میں جی پی اوز میں مخصوص کاؤنٹرز قائم کیے گئے تھے تاکہ قومی شناختی کارڈ کی تجدید، ایڈریس اپ ڈیٹ اور ازدواجی حیثیت میں تبدیلی جیسے امور کی سہولت دی جا سکے۔ تاہم، اس اقدام نے عوام میں خاطر خواہ پذیرائی حاصل نہیں کی، جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔
نادرا نے اس سروس کے خاتمے کے بعد جی پی اوز میں تعینات تمام عملے کو سامان اور جمع شدہ سروسز کی رقوم واپس جمع کرانے کی ہدایت دی ہے۔ مزید برآں، جن درخواست دہندگان کے قومی شناختی کارڈز تیار ہو چکے ہیں، ان سے کہا گیا ہے کہ وہ کاؤنٹرز کی حتمی بندش سے پہلے اپنی دستاویزات وصول کر لیں۔ اس فیصلے کا اثر ملک بھر میں تقریبا 83 کاؤنٹرز پر ہوگا، جو چاروں صوبوں اور آزاد کشمیر میں واقع ہیں۔



