جہلم میں درجہ حرارت میں اضافے اور ہیٹ ویو کا الرٹ جاری

جہلم: پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں آئندہ چند روز کے دوران شدید گرمی اور ممکنہ ہیٹ ویو کے خطرے سے خبردار کیا گیا ہے۔

اس صورتحال کے پیش نظر شہریوں کو حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی سختی سے ہدایت کی گئی ہے تاکہ انسانی جانوں کو کسی ممکنہ نقصان سے محفوظ رکھا جا سکے۔

ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر جہلم نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دن کے انتہائی گرم اوقات، یعنی دوپہر 11 بجے سے شام 4 بجے تک غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ شدید گرمی انسانی صحت پر منفی اثرات مرتب کر سکتی ہے، خصوصاً بزرگوں، بچوں اور بیماریوں میں مبتلا افراد کے لیے یہ لہر خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہری اس دوران صاف پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں، دھوپ میں نکلتے وقت سر کو ڈھانپ کر رکھیں، ہلکے رنگوں اور کھلے ڈھلے کپڑے پہنیں تاکہ جسمانی درجہ حرارت کو قابو میں رکھا جا سکے۔

ڈسٹرکٹ انتظامیہ کی جانب سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر قریبی طبی مرکز یا ہیلپ لائن سے رجوع کیا جائے۔ عوامی فلاح و بہبود کے اداروں کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ ممکنہ متاثرین کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔

شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ موسمی حالات سے باخبر رہیں اور سرکاری ہدایات پر عمل پیرا ہو کر اپنی اور اپنے پیاروں کی صحت و سلامتی کو یقینی بنائیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button