تمام مذاہب کو اپنی عبادات کی مکمل آزادی حاصل ہے، ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں امن و امان اور بین المذاہب ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لیے اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں ضلعی انتظامیہ، پولیس افسران، سکیورٹی اداروں کے نمائندگان اور امن کمیٹی کے اراکین قاری عمر فاروق، حافظ اظہر اقبال، قاری باسط و دیگر اراکین ضلعی امن کمیٹی کے علاوہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو حسان احسن اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صبا سحر نے شرکت کی۔
اجلاس میں ممکنہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر جامع اقدامات اور مختلف کمیونٹیز کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے کہا کہ تمام مذاہب کو اپنی عبادات کی مکمل آزادی حاصل ہے اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے۔ مستقبل میں بھی سکیورٹی کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ پوری طرح چوکنی ہے اور ضلعی سطح پر تمام فریقین کے درمیان مکمل ہم آہنگی موجود ہے، جو امن کے قیام میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔
اجلاس میں موجود شرکاء نے ضلعی انتظامیہ کے ان اقدامات کی مکمل حمایت کا یقین دلایا اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔



