حالیہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے فلیش فلڈ کا خدشہ ہر وقت موجود ہے، کمشنر انجینئر عامر خٹک

جہلم: کمشنر انجینئر عامر خٹک نے ضلع جہلم میں حالیہ موسمیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر فلیش فلڈ کے ممکنہ خدشے کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں کو ہر ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر وقت متحرک اور الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے تمام محکمہ جات پر زور دیا کہ وہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈالنے کی بجائے موقع پر موجود ہو کر ہر ممکن اقدامات کریں۔

کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے یہ ہدایات ڈپٹی کمشنر آفس جہلم میں منعقدہ تمام محکموں کے سربراہان کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے دیں۔ کمشنر راولپنڈی کے جہلم پہنچنے پر ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریوینیو سنیہ صافی اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران نے ان کا استقبال کیا۔

اجلاس کی مشترکہ صدارت کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک اور ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریوینیو سنیہ صافی نے ضلع جہلم میں سیلابی صورتحال کے باعث ہونے والے نقصانات اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اب تک کیے گئے حفاظتی اور امدادی اقدامات پر ایک تفصیلی بریفنگ پیش کی، جس پر کمشنر راولپنڈی نے اطمینان کا اظہار کیا۔

اجلاس میں آنے والے چند دنوں میں کلاؤڈ برسٹ اور متوقع سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مشینری کی تفصیلات، کنٹرول روم کے قیام اور ممکنہ ریلیف کیمپوں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ کمشنر راولپنڈی نے عوامی آگاہی مہم کو مزید تیز کرنے، سیلابی نالوں کے راستے میں آنے والے دیہاتوں کو بروقت خالی کروانے اور بے گھر ہونے والے شہریوں کے لیے بہترین انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی۔

اس موقع پر محکمہ سمال ڈیم کے نمائندوں نے کمشنر راولپنڈی کو ضلع جہلم میں واقع 11 چھوٹے ڈیمز (سمال ڈیمز) کی موجودہ صورتحال اور زائد پانی آنے کی صورت میں کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ ایکسپریس ہائی وے کے نمائندوں نے اجلاس میں ڈول کیرج روڈ کی موجودہ صورتحال، سیلابی پانی سے ہونے والے نقصانات کے بعد کی گئی امدادی کارروائیوں اور مرمت کے بارے میں بریفنگ دی۔

کمشنر راولپنڈی نے ہدایت کی کہ ڈول کیرج انتہائی اہم منصوبہ ہے اور حالیہ بارشوں میں شہریوں کی آمد و رفت میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت پنجاب اس حوالے سے فنڈز کے اجراء میں کسی قسم کی تاخیر نہیں کرے گی۔

ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے کمشنر راولپنڈی کو ضلع جہلم کے عمومی انتظامی معاملات پر بریفنگ دی، جس پر کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے ضلع انتظامیہ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

Exit mobile version