جہلم کی سڑکیں مٹی اور گرد و غبار سے اَٹ گئیں، بغیر ترپال ٹریکٹر ٹرالیاں شہریوں کے لیے عذاب بن گئیں

جہلم شہر کی مصروف سڑکیں ان دنوں بغیر ترپال مٹی، ریت اور خاکہ لادے ٹریکٹر ٹرالیوں کی بھرمار کے باعث شدید گردوغبار کا شکار ہو گئی ہیں، جس سے شہری شدید مشکلات اور صحت کے مسائل کا شکار ہو رہے ہیں۔

ٹریفک پولیس کی خاموشی اور غفلت کے باعث یہ ٹرالیاں دھڑلے سے سڑکوں پر دوڑ رہی ہیں، جن سے اُڑنے والی گرد نہ صرف فضائی آلودگی کا باعث بن رہی ہے بلکہ شہریوں کی صحت کے لیے خطرہ بنتی جا رہی ہے۔

علی الصبح اور شام کے اوقات میں جب شہریوں کی نقل و حرکت میں اضافہ ہوتا ہے، بغیر کسی ترپال کے بھری ہوئی مٹی، ریت اور خاکہ سے لدی ٹرالیاں سڑکوں پر دھول اُڑاتی ہوئی گزر رہی ہیں۔ تیز رفتاری اور احتیاطی تدابیر کے فقدان کے باعث مٹی اور خاکہ سڑکوں پر بکھر جاتا ہے، جو نہ صرف چھوٹے بڑے ٹریفک حادثات کا باعث بن رہا ہے بلکہ عوامی صحت پر بھی سنگین اثرات ڈال رہا ہے۔

گردوغبار کے اس عذاب نے شہریوں کو سانس کی تکالیف، آنکھوں کی الرجی اور دیگر بیماریوں میں مبتلا کر دیا ہے۔ اسپتالوں میں روز بروز ایسے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے جنہیں سانس لینے میں دشواری، آنکھوں میں جلن اور گلے کی خرابی کی شکایات لاحق ہیں۔

شہریوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم اور ڈی ایس پی ٹریفک سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر ایک مؤثر حکمت عملی مرتب کریں اور مٹی، ریت، بجری اور خاکہ سے بھری ٹرالیوں کو بغیر ترپال شہر میں داخل ہونے سے روکیں۔ ان ٹرالیوں کو حفاظتی اقدامات اپنانے کا سختی سے پابند بنایا جائے تاکہ جہلم شہر کو ماحولیاتی آلودگی اور شہریوں کو بیماریوں سے بچایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button