جہلم: میونسپل کمیٹی جہلم میں چیف آفیسر کی مستقل تعیناتی نہ ہونے کے باعث شہریوں کو بنیادی بلدیاتی سہولیات کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی جہلم میں چیف آفیسر کی نشست طویل عرصے سے خالی ہونے کے باعث شہری مسائل میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بلدیاتی ادارے کے مختلف شعبے مؤثر انداز میں کام نہیں کر رہے، جس سے روزمرہ شہری سہولیات متاثر ہو رہی ہیں۔
مقامی شہریوں نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میونسپل کمیٹی کا الیکٹرک شعبہ غیر فعال دکھائی دیتا ہے، جس کے باعث میجر اکرم شہید نشانِ حیدر روڈ، پروفیسر کالونی، ضلع کچہری روڈ، قبرستان روڈ اور دیگر علاقوں میں کئی ماہ سے اسٹریٹ لائٹس بند پڑی ہیں، جس سے رات کے اوقات میں شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات اور سیکیورٹی خدشات کا سامنا رہتا ہے۔
شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ انتظامی امور متاثر ہونے کے باعث متعدد عوامی مسائل حل طلب ہیں، جبکہ متعلقہ شعبوں کی کارکردگی بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ جب وہ شکایات کے اندراج کے لیے میونسپل کمیٹی سے رجوع کرتے ہیں تو عملہ چیف آفیسر کی نشست خالی ہونے کا جواز پیش کرتے ہوئے مؤثر کارروائی سے گریز کرتا ہے، جس کے باعث عوامی مسائل جوں کے توں برقرار ہیں۔
شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری بلدیات اور صوبائی وزیر بلدیات سے مطالبہ کیا ہے کہ میونسپل کمیٹی جہلم میں فوری طور پر مستقل چیف آفیسر تعینات کیا جائے، بلدیاتی نظام کو فعال بنایا جائے اور شہر میں اسٹریٹ لائٹس سمیت دیگر بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔
