حکومت اقتصادی ترقی اور جدت طرازی کے فروغ کیلئے متوازن پالیسیوں پر کاربند ہے، بلال اظہر کیانی

وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات بلال اظہر کیانی نے وفاقی بجٹ 2026-27 کی تیاری کے سلسلے میں ای کامرس شعبے سے متعلق امور پر غور کے لیے دراز اور علی بابا گروپ کے نمائندوں کے ساتھ ایک اہم مشاورتی اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میں دراز گروپ کے چیف کمرشل آفیسر بین یی، ڈائریکٹر کارپوریٹ افیئرز کامران پرویز، ڈائریکٹر گورنمنٹ افیئرز عمر عثمانی سمیت وزارت خزانہ اور ٹیکس پالیسی آفس (ٹی پی او) کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران پاکستان میں ای کامرس کے فروغ، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے کاروباری مواقع میں اضافے، منڈیوں تک رسائی، معیشت کی دستاویزکاری اور ملک کے ڈیجیٹل تبدیلی کے ایجنڈے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دراز اور علی بابا گروپ کے نمائندوں نے ای کامرس سیکٹر کی ترقی سے متعلق اپنی تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔ ان تجاویز میں ریگولیٹری ماحول کو بہتر بنانے، کاروباری سہولت کاری، تعمیل کے طریقہ کار کو آسان بنانے اور پاکستان میں ڈیجیٹل تجارت کے مزید فروغ سے متعلق امور شامل تھے۔

اجلاس کے شرکاء نے ای کامرس شعبے کو درپیش مواقع اور چیلنجز پر بھی گفتگو کی اور اس بات پر زور دیا کہ ڈیجیٹل تجارت نہ صرف اقتصادی ترقی اور جدت طرازی کو فروغ دے سکتی ہے بلکہ معیشت کی دستاویزکاری میں بھی اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

اس موقع پر وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ کے لیے مختلف شعبوں سے موصول ہونے والی تمام تجاویز کا جائزہ حکومت کی مجموعی مالیاتی اور اقتصادی ترجیحات کے تناظر میں لیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ایسی متوازن پالیسیوں کے فروغ کے لیے پرعزم ہے جو اقتصادی سرگرمیوں، سرمایہ کاری، کاروباری آسانیوں اور جدت طرازی کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ پائیدار اقتصادی ترقی کو یقینی بنائیں۔

وزیر مملکت نے وفد کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز اور آراء کو سراہتے ہوئے کہا کہ مؤثر پالیسی سازی کے لیے تمام متعلقہ فریقوں کی مشاورت نہایت اہم ہے اور حکومت نجی شعبے کے ساتھ مسلسل رابطے کے ذریعے معاشی ترقی کے مواقع کو مزید وسعت دینے کے لیے کوشاں ہے۔

Exit mobile version