جہلم: 79ویں جشنِ آزادی کے موقع پر ضلع جہلم میں ہونے والی درجن سے زائد تقریبات کو بھرپور سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے جہلم پولیس نے خصوصی سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا ہے۔
پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی اور ٹریفک ڈیوٹی پر مامور ہوں گے جبکہ اہم مقامات پر اضافی نفری بھی تعینات کی جائے گی۔
جشنِ آزادی کے موقع پر ایلیٹ فورس، موٹر سائیکل سکواڈ اور پولیس پٹرولنگ وہیکلز مختلف علاقوں میں مسلسل گشت کریں گے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔
پولیس کے مطابق ضلع بھر کے پارکس، تفریحی و تاریخی مقامات اور دیگر عوامی مقامات پر بھی سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ اہم مقامات اور جشنِ آزادی کی سرگرمیوں کی سیف سٹیز کیمروں کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی۔
پولیس حکام نے واضح کیا ہے کہ جشنِ آزادی کے موقع پر ہلڑ بازی، ہوائی فائرنگ، آتش بازی اور ون ویلنگ کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
جہلم پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون کی پاسداری کرتے ہوئے پُرامن انداز میں جشنِ آزادی منائیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ پولیس کو دیں۔
پولیس حکام کے مطابق جشنِ آزادی کے موقع پر امن و امان کے قیام، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور عوام کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے جہلم پولیس مکمل طور پر الرٹ ہے۔
