جہلم: اثریہ بوائز سکول اینڈ کالج جہلم میں اساتذہ کی فلاحی خدمات کے اعتراف میں تقریب

جہلم: اثریہ بوائز سکول اینڈ کالج جہلم میں سالانہ فری آئی کیمپ کے دوران شعبہ سکول کے اساتذہ کی جانب سے بے لوث خدمات انجام دینے کے اعتراف میں تقریبِ تشکر و حوصلہ افزائی کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب کے مہمان خصوصی ایس ایچ او تھانہ صدر جہلم صداقت علی مرزا کا اساتذہ اور طلباء نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے شاندار استقبال کیا جبکہ پرنسپل محمد زاہد خورشید اور ایڈمنسٹریٹر بدر خورشید نے انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔

تقریب کا بنیادی مقصد ان اساتذہ کی خدمات کو سراہنا تھا جنہوں نے تدریسی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ سالانہ فری آئی کیمپ کے انعقاد میں معاونت کرکے خدمت انسانیت کے جذبے کا عملی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر اساتذہ کی فلاحی سرگرمیوں میں شرکت اور معاشرے کے ضرورت مند افراد کی مدد کے لیے ان کی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

مہمانِ خصوصی ایس ایچ او تھانہ صدر جہلم صداقت علی مرزا نے اپنے خطاب میں کہا کہ اثریہ بوائز سکول اینڈ کالج کے اساتذہ اور طلباء تعلیم و تربیت کے ساتھ ساتھ خدمت خلق کے میدان میں بھی نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی معاشرے کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ تعلیمی ادارے نوجوان نسل کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ ان میں انسانیت کی خدمت، ہمدردی اور دوسروں کے دکھ درد بانٹنے کا جذبہ بھی پیدا کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اساتذہ کی جانب سے فلاحی سرگرمیوں میں حصہ لینا ایک مثبت اور قابلِ تقلید مثال ہے۔ ایسے اقدامات معاشرے میں ہمدردی، باہمی تعاون اور سماجی ذمہ داری کے احساس کو فروغ دیتے ہیں۔ اساتذہ نہ صرف نئی نسل کی علمی و اخلاقی تربیت کرتے ہیں بلکہ اپنے عملی کردار سے طلباء کے لیے خدمتِ انسانیت کی مثال بھی قائم کرتے ہیں۔

اس موقع پر پرنسپل محمد زاہد خورشید نے شعبہ سکول کے اساتذہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ سالانہ فری آئی کیمپ کے دوران اساتذہ کی جانب سے انجام دی جانے والی بے لوث خدمات پر تہہ دل سے مشکور ہیں۔ اساتذہ نے اپنی تدریسی ذمہ داریوں کے ساتھ فلاحی سرگرمیوں میں حصہ لے کر ادارے کی مثبت روایات کو مزید مضبوط کیا ہے۔

تقریب کے اختتام پر اساتذہ اور طلباء کی خدمات کے اعتراف میں تعریفی سرٹیفکیٹس پیش کیے گئے۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بدر خورشید، سر محبوب الٰہی، سر انوار حسین، قاری عبدالرزاق، سر راجہ رافع، قاری ادریس، سر قاسم، سر مصطفیٰ، قاری عرفان، قاری طیب، سر جواد، سر ابراش اور طلباء عبداللہ، محمد علی، ابوسعد، ابوزر اور فصیح کو تعریفی اسناد پیش کی گئیں۔

تقریب کا مقصد اساتذہ کی حوصلہ افزائی کے ساتھ خدمتِ انسانیت کے جذبے کو فروغ دینا اور تعلیمی اداروں میں تعلیم و تربیت کے ساتھ فلاحی سرگرمیوں کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔

↑
Exit mobile version