جہلم میں رات دیر تک کھلنے والے سنوکر کلبز نوجوان نسل کے مستقبل کیلئے خطرہ بن گئے

14
جہلم شہر اور اس کے گردونواح میں قائم سنوکر کلبز کے رات دیر تک کھلے رہنے سے نوجوان نسل کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے۔ سکول اور کالجز کے طالب علم نہ صرف دن کے اوقات میں بلکہ رات گئے تک سنوکر کلبز میں وقت ضائع کرتے نظر آتے ہیں، جس کے باعث ان کی تعلیم، تربیت اور مستقبل بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شہر اور گردونواح میں درجنوں سنوکر کلبز بغیر کسی واضح ٹائم ٹیبل کے رات گئے تک کھلے رہتے ہیں، جہاں نوجوانوں کی بڑی تعداد ہلہ گلہ کرتی اور قیمتی وقت ضائع کرتی دکھائی دیتی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بعض سنوکر کلبز میں مبینہ طور پر جوئے جیسی سرگرمیاں بھی ہوتی ہیں، جو نوجوانوں کو مزید گمراہی کی طرف دھکیل رہی ہیں۔
اہلِ علاقہ کے مطابق کئی سنوکر کلبز میں دن کے اوقات کے دوران بھی سکول اور کالج کے طلبہ یونیفارم میں سنوکر کھیلتے نظر آتے ہیں، جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ تعلیمی اوقات میں بھی ان کی توجہ تعلیم کے بجائے کھیل اور غیر ضروری سرگرمیوں پر مرکوز ہے۔ اس صورتحال کے باعث طلبہ کی تعلیمی کارکردگی متاثر ہو رہی ہے اور والدین شدید تشویش کا شکار ہیں۔
شہریوں نے مزید بتایا کہ سنوکر کھیل کے دوران اکثر جھگڑے اور لڑائیاں بھی معمول بن چکی ہیں، جس سے نہ صرف امن و امان کی صورتحال متاثر ہو رہی ہے بلکہ نوجوانوں کی ذہنی و اخلاقی تربیت پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
عوامی حلقوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر اور گردونواح میں قائم سنوکر کلبز کے لیے واضح ٹائم ٹیبل مقرر کیا جائے، تعلیمی اوقات میں طلبہ کے داخلے پر پابندی عائد کی جائے اور رات دیر تک کھلنے والے کلبز کے خلاف مؤثر کارروائی عمل میں لائی جائے، تاکہ نوجوان نسل کے مستقبل کو تباہی سے بچایا جا سکے۔



