حکومت کی اولین ترجیح عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے، ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے محکمہ صحت کے افسران کے ساتھ تعارفی اجلاس کی صدارت کی جس میں ضلع جہلم میں موجود طبی سہولیات، مسائل اور بہتری کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس کے دوران چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر مظہر حیات نے ڈپٹی کمشنر کو ضلع جہلم میں محکمہ صحت کی موجودہ صورتحال پر جامع بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میں دستیاب ڈاکٹرز، طبی عملے کی تعداد، ہسپتالوں کی سہولیات، جدید طبی مشینری کی موجودگی اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے ساتھ ساتھ درپیش مسائل پر بھی روشنی ڈالی۔

ڈاکٹر مظہر حیات نے کہا کہ ضلع کے شہریوں کو صحت کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں، تاہم عملے اور مشینری کی کمی جیسے مسائل موجود ہیں جنہیں دور کرنا وقت کی ضرورت ہے۔

ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت کو مزید فعال اور مؤثر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم ہو سکیں۔ انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت دی کہ عملے کی حاضری کو یقینی بنانے، طبی مشینری کو فعال رکھنے اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے جامع حکمت عملی اختیار کی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے، اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ عملہ اور مشینری کی کمی کو فوری طور پر پورا کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں تاکہ ضلع جہلم کے عوام کو علاج معالجے کی سہولت میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button