سعودی عرب نے 5 نئی منفرد اقامہ کیٹگریز متعارف کرادیں

ریاض: سعودی عرب کی جانب سے 5 نئی منفرد اقامہ کیٹگریز متعارف کرادی گئی ہیں، ان اقامہ کے حامل افراد کو رہائش اور کام کرنے کے علاوہ دیگر متعدد سہولیات حاصل ہوں گی۔
سعودی نیوز پورٹل سبق کے مطابق منفرد اقامہ مرکز کے سربراہ ڈاکٹر ماجد بن عبد اللہ القصبی نے بتایا ہے کہ منفرد اقامے کی 5 نئی کیٹگریز متعارف کرائی جارہی ہیں، جن میں پہلی غیر معمولی کارکردگی کے حامل افراد کیلئے ہوگی جو ادارتی، صحت، علمی یا تحقیقی شعبوں میں غیر معمولی کارکردگی دکھانے کے قابل ہوں، دوسری کیٹگری ہنر مندی کی بنا پر ہوگی جس کے تحت ثقافتی، کھیلوں یا کسی بھی شعبے میں غیر معمولی ہنر مندی دکھانے والے یہ اقامہ حاصل کرنے کے لیے اہل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ تیسری کیٹگری سرمایہ کار حضرات کے لیے ہوگی، چوتھی کیٹیگری کے تحت تجارتی سرگرمیوں میں غیرمعمولی افراد کو اقامہ جاری ہوگا جب کہ پانچویں کیٹیگری غیر منقولہ جائیداد کی ملکیت کے حوالے سے رکھی گئی ہے، منفرد اقامہ کے حامل افراد کو سعودی عرب میں رہائش اور کام کے ساتھ ساتھ دیگر بہت ساری سہولیات ملیں گی۔
ڈاکٹر ماجد بن عبد اللہ القصبی نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے وژن اور ملک کو عالمی توجہ کا مرکز بنانے کے لیے نئی کیٹگریز متعارف کرائی جارہی ہیں، جن کا مقصد مملکت کو ایک عالمی مرکز بنانے کے لیے بہترین دماغ، ہنر، سرمایہ کاری، ملازمت کے مواقع کی تخلیق اور اہل علم کی سعودی عرب منتقلی کے ذریعے قومی معیشت میں حصہ ڈالنا ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ ان 5 نئی اقامہ کیٹیگریز پر سرکاری شعبوں کے سٹریٹجک شراکت داروں کے تعاون سے کام کیا گیا، ان اقامہ کے وصول کنندگان کو بہت سے فوائد فراہم کیے جائیں گے جن میں سب سے نمایاں تجارتی کاروبار میں مشغول ہونے کی صلاحیت، جائیداد کا مالک ہونا، اس اقامہ ہولڈر کے ساتھ ساتھ اس کے لیے اپنے خاندان کے افراد کے لیے ورک پرمٹ حاصل کرنا شامل ہے، اس کے علاوہ دیگر خصوصیات بھی ہیں جو مراعات یافتہ رہائشی مرکز سرکاری اداروں کے ساتھ تعاون سے فراہم کرے گا۔



