جہلم پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف بڑی کارروائیاں، متعدد ملزمان گرفتار، منشیات برآمد

جہلم پولیس نے ضلع بھر میں منشیات فروشوں اور ان کی سپلائی چین کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا، جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں چرس، آئس اور دیسی شراب برآمد کر کے مقدمات درج کر لیے گئے۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ چوٹالہ سرمد ملک اور ان کی ٹیم نے ایک اہم کارروائی کے دوران پہلے ایک منشیات فروش کو گرفتار کیا۔ بعد ازاں جدید تفتیشی طریقہ کار اور موثر حکمت عملی کے ذریعے منشیات کی سپلائی چین تک رسائی حاصل کرتے ہوئے سپلائر ملزم کو بھی ٹریس کر کے گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار سپلائر منشیات فروش کو فروخت کے لیے چرس فراہم کرتا تھا۔ کارروائی کے دوران دونوں ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 2 کلو 600 گرام چرس برآمد کر کے قبضہ پولیس میں لے لی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں چالان کیا جائے گا تاکہ انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔
دوسری جانب تھانہ صدر پولیس نے الگ الگ کارروائیوں کے دوران شراب سپلائی کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ایک کارروائی میں ملزم کے قبضے سے 71 بوتلیں دیسی شراب جبکہ دوسری کارروائی میں 10 لیٹر شراب برآمد کر کے مقدمات درج کر لیے گئے۔
اسی طرح تھانہ صدر پولیس نے ایک اور کارروائی کے دوران آئس فروخت کرنے والے ایک ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 520 گرام آئس برآمد کر لی۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) شفیق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ جہلم پولیس صرف منشیات فروشوں ہی نہیں بلکہ ان کی سپلائی چین اور سہولت کاروں کے خلاف بھی بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات جیسی لعنت سے محفوظ رکھنے کے لیے ایسے عناصر کے ساتھ قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا اور انہیں ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالتوں میں پیش کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔



