فلاح انسانیت کے نام پر انسانیت کو دھوکہ دیا جا رہا ہے، امیر عبدالقدیر اعوان

امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا ہے کہ فلاحِ انسانیت کے نام پر دراصل انسانیت کو دھوکہ دیا جا رہا ہے، کیونکہ انسان اپنی عقل و دانش اور ذاتی پسند کی بنیاد پر ایسے قوانین بنا رہا ہے جو وقت کے ساتھ غیر مؤثر ثابت ہو جاتے ہیں۔

جمعۃ المبارک کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے شیخ سلسلہ نقشبندیہ اولیسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا کہ آج انسان مختلف تجربات کر رہا ہے، کبھی قوانین بنائے جاتے ہیں اور کچھ عرصہ بعد خود ہی انہیں رد کر دیا جاتا ہے۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ انسانی عقل مکمل طور پر کسی چیز کا احاطہ نہیں کر سکتی، جبکہ اسلامی اصول اور قوانین جہاں بھی نافذ ہوئے وہاں ہمیشہ اعتدال رہا اور انہیں رد نہیں کیا جا سکا۔

انہوں نے کہا کہ صحابہ کرامؓ وہ خوش نصیب ہستیاں ہیں جنہیں حضور نبی کریم ﷺ کی صحبت نصیب ہوئی، یہی وجہ ہے کہ ان کا ایمان اعلیٰ درجے کا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج بھی قرآن کریم موجود ہے اور قیامت تک رہے گا، مگر ہمیں اپنے ایمان اور عمل کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا کہ دین پر قائم رہنا ہی صبر ہے اور ہر انسان کو صبر اور تقویٰ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں دین اسلام کو صحیح طور پر سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

خطاب کے اختتام پر انہوں نے ملکی سلامتی، امت مسلمہ کے اتحاد اور استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔

Exit mobile version