جہلم: پولیس کی اہم کارروائیاں، آتش بازی کا سامان اور غیر قانونی پتنگیں رکھنے والے ملزمان گرفتار

جہلم: تھانہ کالا گجراں پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے دو الگ الگ کارروائیوں میں سامانِ آتش بازی اور غیر قانونی پتنگیں رکھنے والے ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ بھاری مقدار میں ممنوعہ سامان بھی برآمد کر لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم میں ایس ایچ او تھانہ کالا گجراں اور ان کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کیا، جس کے قبضے سے بھاری مقدار میں سامانِ آتش بازی برآمد کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم غیر قانونی طور پر آتش بازی کا سامان ذخیرہ کیے ہوئے تھا، جو کسی بھی وقت کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا تھا۔ ملزم کے خلاف تھانہ کالا گجراں میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

دوسری کارروائی میں تھانہ کالا گجراں پولیس نے غیر قانونی طور پر پتنگیں اپنے قبضے میں رکھنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق حکومتِ پنجاب کی جانب سے پتنگ بازی اور پتنگ فروشی پر مکمل پابندی عائد ہے، اس کے باوجود ملزم نے پتنگیں رکھ کر قانون کی خلاف ورزی کی۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 60 عدد پتنگیں برآمد کی گئیں، جبکہ اس کے خلاف بھی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے واضح کیا ہے کہ پتنگ فروشی، پتنگ بازی اور شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی اور ایسے ملزمان کو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امن و امان میں خلل ڈالنے والے افراد کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ڈی پی او جہلم کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور ضلع بھر میں جرائم کے خاتمے کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button