پیپلز پارٹی برسر اقتدار آکر عوام کی مشکلات ختم کرے گی، قمر زمان کائرہ

مانچسٹر: پاکستان پیپلز پارٹی برسر اقتدار آکر عوام کی مشکلات، مہنگائی، بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کرےگی اور ملک میں حقیقی جمہوریت کو فروغ دے گی۔
ان خیالات کا اظہار اوورسیز رہنماؤں اور کارکنوں سے پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور امیدوار قومی اسمبلی حلقہ این اے 65 قمر زمان کائرہ اور صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 37 ندیم اصغر کائرہ نے پاکستان سے ایک تقریب میں ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا اہتمام پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما چوہدری مشتاق احمد کائرہ کی رہائش گاہ پر کیا گیا تھا۔
پیپلز پارٹی کے جنرل سیکرٹری سابق وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والے انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع ملنے چاہئیں ، پیپلز پارٹی پاکستان کی واحد جماعت ہے جس نے جمہوریت کی بحالی اور عوام کے حقوق کیلئے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں ۔ہمارے قائدین اور کارکنوں بڑی تعداد میں شہید کیا گیا۔
قمرزماں کائرہ نے کہاکہ پیپلز پارٹی ہی وہ واحد جماعت ہے جسے عوام کی حمایت حاصل ہے۔ ہمارا منشور عوامی مسائل کے حل پر مبنی ہے۔
اس موقع پر پاکستانی بزنس کمیونٹی رہنما چوہدری مسرت علی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک میں جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور آمریت کے خلاف جدجہد کرتی رہی ہے۔ چوہدری اختر ملوانہ نے کہاکہ پیپلز پارٹی ہی وہ واحد جماعت ہے جو ملک کو مسائل سے نکال سکتی ہے۔
سعید چوہدری نے کہاکہ پیپلز پارٹی کے جیالوں نے جیلیں کاٹیں اور پی پی کے سیاسی ورکرز نے کوڑے تک کھائے،یہ شہیدوں کی جماعت ہے۔
تقریب میں خطاب کرتے ہوئے خالد محمود و دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ قمر زمان کائرہ اور ندیم اصغر کائرہ کو ووٹ دے کر بھاری اکثریت سے کامیاب کرایاجائے تاکہ وہ منتخب ہو کر علاقائی مسائل کو حل کروائیں اور استحکام پاکستان کیلئے کام کر سکیں ۔


