یوم عاشور؛ جہلم میں ٹریفک پولیس نے متبادل ٹریفک پلان جاری کر دیا

جہلم: 10 محرم الحرام یومِ عاشور کے موقع پر مرکزی جلوسوں کے پرامن انعقاد، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کو غیر ضروری مشکلات سے بچانے کے لیے ٹریفک پولیس جہلم نے متبادل ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔
جاری کردہ ٹریفک پلان کے مطابق ریلوے کالونی سے آنے والی ٹریفک کو 15 دفتر کے راستے جی ٹی ایس چوک کی جانب موڑا جائے گا، جبکہ جادہ سے آنے والی گاڑیوں کو پاک فیملی چوک سے لالہ زار کالونی روڈ کے ذریعے اپنی منزل کی جانب جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسی طرح جادہ چوک سے بلال ٹاؤن جانے والی ٹریفک مارخور چوک، کچہری چوک اور محمدی چوک سے ہوتی ہوئی دوبارہ مارخور چوک کے راستے روانہ ہوگی تاکہ مرکزی جلوس کے روٹس پر ٹریفک کا دباؤ کم رکھا جا سکے۔
ٹریفک پلان کے مطابق چھاؤنی چوک اور کینٹ چوک سے آنے والی گاڑیوں کو جی ٹی ایس چوک، لاری اڈہ اور لالہ زار کالونی کے راستے جادہ چوک کی طرف بھیجا جائے گا، جبکہ بلال ٹاؤن سے آنے والی ٹریفک ریور روڈ، تحصیل روڈ، نولکھا اڈہ اور گل افشاں کالونی سے ہوتی ہوئی کینٹ چوک کا راستہ اختیار کرے گی۔
ڈی ایس پی ٹریفک خرم ستی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ اوقات کے دوران متبادل راستے اختیار کریں اور ٹریفک پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔
ڈی ایس پی ٹریفک خرم ستی نے شہریوں، بالخصوص گردونواح سے آنے والے افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ یومِ عاشور کے دوران جاری کردہ ٹریفک پلان پر عمل کریں، متبادل راستے اختیار کریں اور ڈیوٹی پر موجود ٹریفک پولیس اہلکاروں کی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ جلوسوں کے پرامن انعقاد، ٹریفک کی روانی اور شہریوں کی سہولت کو برقرار رکھا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس کی جانب سے تمام اہم مقامات پر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے تاکہ شہریوں کی بروقت رہنمائی کی جا سکے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اقدامات کیے جا سکیں۔




