دینہ: ٹریفک حادثہ میں زخمی ہونے والا موہال کا 21 سالہ نوجوان جاں بحق

دینہ: ٹریفک حادثہ میں زخمی ہونے والا موہال کا 21 سالہ نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا، نوجوان کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، نماز جنازہ میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق چار روز قبل دینہ کے علاقہ موہال کی سیاسی و سماجی شخصیت سابق کونسلر و چیئرمین یونین کونسل بدلوٹ چوہدری وقار آصف کا 21 سالہ بیٹا اور چیف ایڈیٹر جہلم اپڈیٹس و جنرل سیکرٹری دینہ پریس کلب عادل چوہدری کا کزن چوہدری ولید وقار افطار پارٹی میں شرکت کیلئے جاتے ہوئے جی ٹی روڈ کالا گجراں پر موٹرسائیکل اور کار حادثہ میں شدید زخمی ہو گیا۔
21 سالہ نوجوان چوہدری ولید کو سر پر شدید چوٹیں آئی جسے فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال راولپنڈی منتقل کیا گیا جہاں وہ پانچ روز موت و حیات کی کشمکش میں رہنے کے بعد پیر کی علی الصبح جان کی بازی ہار گیا۔

نوجوان کی میت گھر پہنچی تو کہرام مچ گیا، 21 سالہ نوجوان ولید کی نماز جنازہ موہال میں ادا کی گئی، نماز جنازہ پیر فخر نذیر قاسم نے پڑھائی جبکہ نماز جنازہ میں علمائے کرام، سیاسی، سماجی، مذہبی، ڈاکٹرز، وکلاء سمیت اہل علاقہ کے سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔اس موقع پر ہرآنکھ اشکباراورہرچہرہ سوگوارتھا۔



