سوہاوہ میں جی ٹی روڈ پر کیری وین اور موٹر سائیکل میں تصادم، خاتون جاں بحق، شوہر شدید زخمی

سوہاوہ میں جی ٹی روڈ پر کیری وین اور موٹر سائیکل میں تصادم سے 37 سالہ خاتون جاں بحق اور 43 سالہ شوہر شدید زخمی ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں جی ٹی روڈ پر کیری وین اور موٹر سائیکل کے درمیان ہونے والے افسوسناک تصادم کے نتیجے میں موٹر سائیکل پر سوار خاتون موقع پر ہی جاں بحق جبکہ ان کا شوہر شدید زخمی ہو گیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق کیری وین بے قابو ہو کر موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی، جس کے باعث یہ حادثہ پیش آیا۔ حادثے کے وقت میاں بیوی موٹر سائیکل پر سوہاوہ سے دینہ جا رہے تھے۔ جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت 37 سالہ شمائلہ زوجہ خلیل احمد جبکہ زخمی ہونے والے شخص کی شناخت 43 سالہ خلیل احمد ولد عبدالکریم کے نام سے ہوئی ہے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو 1122 نے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد زخمی شخص اور لاش کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سوہاوہ منتقل کر دیا۔ زخمی شخص کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

ادھر پولیس نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کرتے ہوئے کیری وین کو تحویل میں لے لیا جبکہ ڈرائیور کو گرفتار کر کے مزید قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button