جہلم: وزیر اعلی پنجاب کی خصوصی ہدایات پر محکمہ صحت کا ڈسٹرکٹ جیل میں چھ روزہ میڈیکل کیمپ شروع، کیمپ میں شوگر، ہیپاٹائٹس سمیت دیگر بیماریوں کے ٹیسٹ اور ادویات فراہم کی جارہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایات پر محکمہ صحت جہلم نے ڈسٹرکٹ جیل جہلم میں چھ روزہ میڈیکل کیمپ کا آغاز کر دیا ہے جہاں میڈیکل آفیسر جیل ڈاکٹر طفیل رافع کی سربراہی میں سات رکنی میڈیکل بورڈ قیدیوں کے بلڈشوگر، ہیپاٹائٹس، ایڈز سمیت دیگر بیماریوں کے ٹیسٹ کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
اس حوالے سے سپرٹینڈنٹ جیل سید حسن مجتبیٰ نے بتایا کہ میڈیکل کیمپ کے پہلے دن 100کے قریب قیدیوں کے ٹیسٹ کئے گئے اور ادویات فراہم کی گئیں، یہ کیمپ یکم جون تک جاری رہے گا جس میں تمام قیدیوں کا معائنہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کیمپ کا مقصد قیدیوں کو موذی بیماریوں سے بچانا اور بیماریوں میں مبتلا قیدیوں کا بروقت علاج ہے۔
