سوہاوہ: تھانہ ڈومیلی پولیس نے دو مختلف کارروائیوں کے دوران اہم کامیابیاں حاصل کرتے ہوئے خاتون پر تشدد کے مقدمے میں ملوث ملزم اور ایک منشیات فروش کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ ڈومیلی اور ان کی ٹیم نے پہلی کارروائی کے دوران لڑائی جھگڑے اور خاتون پر تشدد کے مقدمے میں ملوث ملزم کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔
دوسری کارروائی سرچ آپریشن کے دوران عمل میں لائی گئی، جس کے نتیجے میں پولیس نے ایک مبینہ منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 240 گرام آئس برآمد کر لی۔ پولیس کی جانب سے دونوں ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
پولیس حکام کے مطابق دونوں ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کرکے عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ قانون کے مطابق انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔
اس موقع پر ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
ڈی پی او جہلم کا مزید کہنا تھا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور ضلع میں امن و امان کا قیام جہلم پولیس کی اولین ترجیح ہے، جس کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
