جہلم پولیس کا ضلع بھر میں سپیشل سرچ آپریشنز، 281 افراد کی چیکنگ

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر ضلع بھر میں سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندی کی گئی، جس کے دوران 8 مختلف مقامات پر آپریشنز کر کے 281 افراد کی چیکنگ کی گئی۔
ترجمان پولیس کے مطابق یہ کارروائیاں دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی، اور اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے لیے کی گئیں۔ آپریشن کے دوران شہریوں کی ویری فکیشن پولیس ایپلیکیشن کے ذریعے کی گئی۔
اس کے ساتھ ساتھ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی کر کے سخت چیکنگ بھی عمل میں لائی گئی۔ مجرمان اشتہاری، جرائم پیشہ افراد، اور سماج دشمن عناصر کی تلاش و گرفتاری کے لیے مربوط اقدامات کیے گئے۔
ڈی پی او طارق عزیز سندھو کے مطابق، ان سرچ آپریشنز کا مقصد ناجائز اسلحہ و منشیات کی برآمدگی، شرپسند عناصر کی گرفتاری اور ضلع میں امن و امان کو یقینی بنانا ہے۔ پولیس کی کارروائیاں آئندہ بھی اسی جذبے سے جاری رہیں گی۔



