ڈی پی او جہلم کے خلاف سابق کانسٹیبل مدثر گجر کی پریس کانفرنس متوقع، نیا پنڈورا باکس کھلنے والا؟

دینہ: ڈی پی او جہلم کے رویہ سے تنگ آ کر نوکری سے استعفیٰ دینے والے جہلم پولیس کے کانسٹیبل مدثر غفور گجر کی جانب سے ڈی پی او جہلم کے خلاف کانسٹیبل کی پریس کانفرنس متوقع، پریس کانفرنس میں نیا پنڈورا باکس کھلنے والا ہے؟۔
تفصیلات کے مطابق چند روز قبل جہلم میں پنجاب پولیس کے کانسٹیبل سابق محرر تھانہ سول لائنز جہلم مدثر غفور گجر نے اپنے ہی آفیسر کے خلاف آئی جی پنجاب کو خط لکھا جس کے بعد ان کی جانب سے جلد ثبوت کے ساتھ پریس کانفرنس متوقع ہے۔
مدثر غفور گجر نے آئی جی پنجاب کو لکھے گئے مبینہ خط میں ڈی پی او جہلم ناصر محمود پر الزام عائد کیا کہ ناصر محمود باجوہ ڈی پی او جہلم نہایت جھوٹا، مکار اور بزدل پولیس آفیسر ہے، جب سے ڈی پی او جہلم تعینات ہو اہے کرائم کی شرح میں اضافہ ہوا ہے، جہلم میں آکر کھلی کرپشن کر رہا ہے۔
سابق کانسٹیبل مدثر غفور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایک بار پھر ڈی پی او جہلم پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دنوں ناصر محمود باجوہ نے کچہری لگانے کے لیے ڈی پی او آف جہلم میں شیڈ بنوایا ہے جو انہوں نے مبلغ 28 لاکھ روپے کا بنوایا ہے اور سرکاری خزانہ میں ظاہر کیا ہے۔ آئی جی پنجاب موقع پر آکر وزٹ کریں اور کسی بھی ٹھیکیدار سے اس کا تخمینہ لگوائیں جو بمشکل آٹھ سے دس ہزار روپے تک ہو گا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ مختلف ایجنسیوں کو کہہ کر میرے خلاف جھوٹی رپورٹ مرتب کرواتے رہے ہیں، ان کی ساری کرپشن کو میں بذریعہ پریس کانفرنس بے نقاب کروں گا۔
یاد رہے کہ چند روز قبل مدثر گجر نے آئی جی پنجاب کو استعفے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ جھوٹا،مکار،تنگ ذہن اور کریک قسم کا پولیس آفیسر ہے جس کو ڈی پی او کی سیٹ پے لگانا اس سیٹ کی توہین ہے۔ آئی جی پنجاب انتہائی خوش اخلاق،دور اندیش ،ماتحت پرور اور قابل پولیس آفیسر ہیں انکو چاہیے کہ ڈی پی او جہلم ناصر باجوہ کاکسی اچھے سائیکالوجسٹ سے معائینہ کروائیں کیونکہ ناصر باجوہ کہتا ہے میں ایس ایچ او رہا ہوں مجھے پتا ہے ایس ایچ او کیا کرتے ہیں، اسکو یقین ہی نہیں آرہاکہ وہ ڈی پی او جہلم لگاہوا ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ میں نے فیملی کے ساتھ عمرہ پر جانے کے لیے تین دفعہ ڈی پی او کو درخواست دی، پیش بھی ہوا تو اس نے کہا تمہیں عمرہ پر نہیں جانے دوں گا لیکن اسکا باپ بھی مجھے اللہ کے گھر جانے سے نہیں روک سکا۔ یہ کیسا ڈی پی او ہے جو ماتحت کونیک کام کرنے کی بجائے گناہ پر آمادہ کررہا ہے، میں اس جیسے کریک اوربزدل ڈی پی او کے ساتھ نوکری کرنا توہین سمجھتا ہوں۔
واضح رہے کہ سابق کانسٹیبل مدثر غفور گجر کی جانب سے استعفیٰ اور آئی جی پنجاب کو خط لکھے جانے کے بعد ترجمان جہلم پولیس نے ایک پریس ریلیز میں بتایا تھا کہ کانسٹیبل مدثر غفور گجر 4 اپریل 2023 کو 10 دن میڈیکل ریسٹ پر روانہ ہوا جو دس دن میڈیکل ریسٹ گزارنے کے بعد آج تک بدستور 11 ماہ 28 دن سے اپنی نوکری سے غیر حاضر ہے۔ کانسٹیبل نے بدوں NOC بیرون ملک سفر بھی کیا جس کے خلاف غیر حاضری اور غیر پیشہ وارآنہ سرگرمیوں میں حصہ لینے کی پاداش میں محکمانہ انکوائریز مکمل ہو چکی ہیں۔
ترجمان جہلم پولیس نے بتایا تھا کہ کانسٹیبل مدثر غفور کو غیر حاضری اور خلاف ضابطہ افعال کے الزامات کے دفاع کے لئے بھر پور موقع دیا جا رہا ہے اور اس سلسلہ میں انصاف کے تمام تر تقاضے پورے کئے جائیں گے۔



