جہلم: پیٹرولیم مصنوعات، بجلی، گیس اور اشیائے خورد و نوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مہنگائی پر قابو پانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے مختلف شہریوں کا کہنا تھا کہ ملک میں مسلسل بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عام آدمی، بالخصوص غریب اور متوسط طبقے کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے۔ ان کے مطابق آٹا، چینی، دالیں، گھی، سبزیاں اور دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ بجلی، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کے نرخ بھی عوام کی قوتِ خرید سے باہر ہوتے جا رہے ہیں۔
شہریوں نے کہا کہ بھاری ٹیکسوں اور یوٹیلٹی بلوں نے گھریلو بجٹ کو شدید متاثر کیا ہے۔ ان کا موقف تھا کہ آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ نہیں ہوا، جبکہ روزمرہ اخراجات میں مسلسل اضافہ ہونے سے عام خاندانوں کے لیے بنیادی ضروریات پوری کرنا بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات کیے جائیں، پیٹرولیم مصنوعات، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں ریلیف فراہم کیا جائے، جبکہ آٹا، چینی، دالوں، گھی، سبزیوں اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو مؤثر سرکاری نگرانی کے ذریعے کنٹرول کیا جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔
