شہید کانسٹیبل صداقت علی کی 31ویں برسی، پولیس کا سلامِ عقیدت، شہید کی قربانیوں کو خراج تحسین

جہلم: شہید کانسٹیبل صداقت علی کی 31ویں برسی کے موقع پر ضلع جہلم پولیس کی جانب سے ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں شہید کو بھرپور انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کی لحد پر سلامی پیش کی، جبکہ فضاء شہداء کے احترام اور عقیدت سے معمور رہی۔
ڈی ایس پی صدر شہباز ہنجرا نے شہید کانسٹیبل صداقت علی کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر انہوں نے شہید کے اہلِ خانہ سے ملاقات کرتے ہوئے کہا کہ جہلم پولیس شہداء کے لواحقین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور آپ ہمیں ہر دکھ سکھ کی گھڑی میں اپنے ساتھ پائیں گے۔
یاد رہے کہ شہید کانسٹیبل صداقت علی 31 سال قبل اشتہاری مجرم تنویر احمد کے ساتھ پولیس مقابلے کے دوران فرض کی ادائیگی کرتے ہوئے فائرنگ سے جامِ شہادت نوش کر گئے تھے۔ ان کی یہ عظیم قربانی آج بھی پولیس فورس کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہداء پولیس ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، جن کی لازوال قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جا سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ شہداء پولیس ہمارے محسن ہیں جو بہادری اور شجاعت کی ایسی داستانیں رقم کر گئے جو ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
ڈی پی او جہلم کا کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیوں کا قرض ہم کبھی ادا نہیں کر سکتے، جبکہ شہداء کی فیملیز اور ان کے بچے ہمیں اپنی فیملی اور بچوں کی طرح عزیز ہیں۔
تقریب کے اختتام پر شہید کانسٹیبل صداقت علی کی قربانی کو سلام پیش کیا گیا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ جہلم پولیس شہداء کے مشن کو ہر صورت جاری رکھے گی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔



