تنظیم الاخوان پاکستان کے وفد کی کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک سے ملاقات

راولپنڈی: تنظیم الاخوان پاکستان کے ایک نمائندہ وفد نے کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک سے اُن کے دفتر میں ملاقات کی۔
یہ ملاقات شیخِ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ امیر عبدالقدیر اعوان کی خصوصی ہدایت پر عمل میں آئی۔ اس موقع پر وفد نے امیر عبدالقدیر اعوان کی طرف سے قرآنِ مجید کا اردو ترجمے والا نسخہ جو حضرت مولانا امیر محمد اکرم اعوانؒ نے ترجمہ کیا تھا کمشنر راولپنڈی کو پیش کیا۔ اس کے ساتھ ایک خوبصورت پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا گیا۔
امیر عبدالقدیر اعوان کی طرف سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا گیا اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں تنظیم الاخوان کے رضاکاروں کی خدمات فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی گئی، جس پر کمشنر راولپنڈی نے شکریہ ادا کرتے ہوئے تنظیم کی پیشکش کو سراہا۔
اس موقع پر الفلاح فاؤنڈیشن پاکستان، جو کہ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ کی فلاحی تنظیم ہے، کی ملکی سطح پر فلاحی خدمات پر مبنی ایک ویڈیو ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔
مزید برآں، وفد نے کمشنر راولپنڈی کو مرکز دارالعرفان منارہ ضلع چکوال کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی، جسے انہوں نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلے سے ہی شیخ سلسلہ امیر عبدالقدیر اعوان سے ملاقات کے خواہشمند تھے اور ان شاء اللہ جلد مرکز کا دورہ کریں گے۔
یاد رہے کہ ملاقات کرنے والے وفد میں محمد ارشد (صدر تنظیم الاخوان راولپنڈی)، امجد اعوان (مرکزی سیکرٹری اطلاعات)، طارق چوہدری (جنرل سیکرٹری راولپنڈی)، پروفیسر احسان رضا، محمد مصطفیٰ، علی اصغر بٹ، پروفیسر اشرف، اور ثاقب شامل تھے۔



