جہلم میں برف خانے کے سوئمنگ پول میں نہانے سے 10 سالہ لڑکا جاں بحق، 2 لڑکوں کی حالت تشویشناک

جہلم میں برف خانے کے سوئمنگ پول میں نہانے سے 10 سالہ لڑکا جاں بحق ہو گیا، دو لڑکوں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔

جہلم اپڈیٹس کے مطابق جہلم میں عیدالاضحیٰ کے روز مشین محلہ نمبر 2 جہلم میں برف خانے کے استعمال شدہ پانی سے بنے سوئمنگ پول میں مدینہ ٹاؤن کے رہائشی دو بھائی 10 سالہ شاہ نواز، 14 سالہ فیضان علی اور ان کا 15 سالہ کزن صابر علی نہا کر واپس گھر آئے تو ان کی حالت غیر ہو گئی۔

تینوں لڑکوں کو تشویشناک حالت میں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن 10 سالہ شاہ نواز جانبر نہ ہو سکا جبکہ 14سالہ فیضان اور کزن 15سالہ صابر علی کی حالت تشویشناک ہے جن کو اسلام آباد کے ہسپتال میں طبعی امداد دی جارہی ہے۔

تھانہ سٹی جہلم نے برف خانے کے مالک اور منیجر ملک ظہور وغیرہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ برف خانے کے مالک نے برف خانے کےاستعمال شدہ پانی کا سوئمنگ پول بنا رکھا ہے، برف خانے کے سوئمنگ پول میں لڑکوں سے نہانے کے پیسے لئے جاتے ہیں۔

ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں لڑکے کی ہلاکت دل کی دھڑکن اور سانس بند ہونے سے ہوئی۔ فرانزک رپورٹ آنے کے بعد لڑکے کی موت کا اصل تعین ہوسکے گا۔

پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہیں جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر لیں گے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button