جہلم: پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کے خلاف ضلع جہلم کے مختلف تھانوں میں مقدمات درج کر لئے گئے۔
پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے سلسلے میں کارکنوں کے خلاف چھ تھانوں میں علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ پی ٹی آئی کے گرفتار 22 کارکنوں کے خلاف چادر چاردیواری کا تقدس پامال کرنے سمیت دیگر دفعات لگائی گئیں ہیں۔
کارکنوں کے خلاف روڈ بلاک کرکے ریاست اور اداروں کے خلاف نعرے بازی کا مقدمہ عدالت نے خارج کر دیا تھا۔ مقدمہ خارج ہونے پر ان ہی 22 کارکنوں کے خلاف پانچ مزید تھانوں میں مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ مقدمات کے اندراج کے بعد کارکنان کی متعلقہ تھانوں میں گرفتاری ڈال دی گئی۔
کارکنوں کے خلاف خاتون سمیت پانچ شہریوں اور ایس ایچ اوز کی مدعیت میں مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ مقدمات ضلع جہلم کے تھانہ دینہ، تھانہ سوہاوہ، تھانہ سٹی، تھانہ صدر، تھانہ سول لائن اور تھانہ چوٹالہ میں درج کیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ احتجاج میں شرکت کیلئے جانے والے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کو 24 نومبر کو جہلم کی تحصیل سوہاوہ سے گرفتار کیا گیا تھا ۔ پولیس نے دو کوسٹر اور پانچ گاڑیاں بھی قبضے میں لی تھیں۔
