45
جہلم میں سابق پولیس ملازم نے لائسنس ریونیول کے دوران خدمت مرکز کے شیشے توڑ دیے، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم شہر کے اندر واقع خدمت مرکز میں لائسنس ریونیول کے لیے آنے والے سابقہ پولیس ملازم فہد نے عملے کے رویے سے تنگ آ کر خدمت مرکز کے شیشے توڑ دیے، جس کے دوران اس کا ہاتھ بھی زخمی ہوا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر کے تھانہ سٹی منتقل کر دیا۔
فہد لائسنس ریونیول کے سلسلے میں بار بار خدمت مرکز آ رہا تھا اور عملے کی جانب سے اسے مسلسل چکر لگانے پر شدید پریشانی کا سامنا تھا۔ غصے میں آ کر اس نے شیشے توڑ دیے۔ فہد نے ابتدائی بیان میں بتایا کہ وہ بلال ٹاؤن کا رہائشی ہے اور عملے کے رویے سے تنگ آ کر ایسا کرنے پر مجبور ہوا۔ اس نے اپنی غلطی پر شرمندگی بھی ظاہر کی۔
ذرائع کے مطابق فہد 2009 میں پولیس ملازمت سے فارغ ہو چکا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ شہری سہولیات کے مراکز میں امن و امان برقرار رہے اور کسی بھی شہری کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔
