ڈرائیونگ ٹیسٹ اب اے آئی گاڑی لے گی، نئی ٹیکنالوجی کے حیرت انگیز فیچرز

جہلم: پنجاب کے مختلف اضلاع کی طرح جہلم میں بھی ڈرائیونگ لائسنس کے امتحانات میں ایک انقلابی تبدیلی متعارف کروائی جا رہی ہے۔ پہلی بار مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے لیس گاڑی کے ذریعے ڈرائیونگ ٹیسٹ لیا جائے گا، جس سے امتحانات میں شفافیت اور کارکردگی کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جا سکے گا۔
ٹریفک پولیس کے ڈی ایس پی خرم ستی کے مطابق یہ جدید گاڑی اگلے چند روز میں جہلم پہنچ جائے گی اور اس کے ذریعے ڈرائیونگ ٹیسٹ کے تمام مراحل خودکار طریقے سے انجام دیے جائیں گے۔ گاڑی میں نصب جدید سافٹ ویئر ڈرائیور کی کارکردگی کا خود بخود تجزیہ کرے گا۔ مثال کے طور پر اگر امیدوار ریورس گیئر ایک سے زیادہ مرتبہ استعمال کرے گا تو سافٹ ویئر فوری طور پر اسے ناکام قرار دے کر گاڑی بند کر دے گا۔
گاڑی کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں ہائی ٹیک کیمرے نصب ہوں گے جو ڈرائیونگ ٹیسٹ کے ہر پہلو کو ریکارڈ کریں گے۔ یہ کیمرے نہ صرف امیدوار کی ڈرائیونگ مہارت کو پرکھیں گے بلکہ ٹیسٹ کے دوران کسی بھی قسم کی بے قاعدگی کو بھی نوٹ کریں گے، جس سے سفارش اور کرپشن کے امکانات کا خاتمہ ہوگا۔
ماہرین کے مطابق اس جدید نظام کے نفاذ سے نہ صرف ڈرائیونگ ٹیسٹ کے معیار میں بہتری آئے گی بلکہ شہریوں کو بھی میرٹ پر لائسنس کے حصول کا اعتماد حاصل ہوگا۔



