30
جہلم: وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق عوام کو ریلیف پہنچانے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر ضلع بھر میں سرکاری آٹے کی وافر اور بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
حکومت کی جانب سے مقرر کردہ نرخوں کے مطابق مارکیٹ میں 10 کلو آٹا 905 روپے اور 20 کلو آٹے کا تھیلا 1810 روپے میں دستیاب ہے تاکہ شہریوں کو سستا اور معیاری آٹا میسر آ سکے۔
ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر جہلم شمش عباس روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ میں موجود رہ کر آٹے کی فراہمی، معیار اور قیمتوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ وہ مختلف سیل پوائنٹس اور آٹا چکیوں کا معائنہ کر کے سپلائی چین کو مانیٹر کر رہے ہیں تاکہ کسی بھی مقام پر آٹے کی قلت پیدا نہ ہو اور سرکاری آٹے کی تقسیم شفاف انداز میں جاری رہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق مقررہ نرخوں پر آٹے کی فراہمی کا بنیادی مقصد غریب اور متوسط طبقے کو مہنگائی کے اثرات سے بچانا ہے۔ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کی نگرانی میں آٹے کی کوالٹی، وزن اور قیمتیں ڈیلی بیسز پر چیک کی جا رہی ہیں تاکہ عوام کو حکومتی سبسڈی کا مکمل فائدہ پہنچ سکے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ مقررہ نرخوں سے زائد وصولی یا ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ انہوں نے دہرایا کہ اشیائے ضروریہ کی سستے نرخوں پر فراہمی اور عوام کو حقیقی ریلیف دینا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے تمام ٹیمیں متحرک ہیں تاکہ ضلع جہلم کا ہر شہری اس سہولت سے مستفید ہو سکے۔
