دریائے جہلم میں نہانے پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے 13 افراد گرفتار

جہلم پولیس کی اہم کارروائی، دریائے جہلم اور ندی نالوں میں نہانے پر عائد پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے 13 افراد گرفتار کر لیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق جہلم میں تھانہ سول لائنز پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان فرحان علی، علی عثمان، ضیاء الحق، سمیع اللہ، شرجیل حسین، محمد ریحان، خنان، رشید حسین، محمد عبداللہ، شاہ زیب، علی رضا اور رضوان بٹ کو گرفتار کر لیا، جنہوں نے واضح پابندی کے باوجود دریائے جہلم میں نہا کر قانون کی خلاف ورزی کی۔

شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتے ہوئے پولیس نے دفعہ 144 ض ف کے تحت کارروائی عمل میں لائی تاکہ پانی میں ڈوبنے کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیشِ نظر قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے موسم میں شہری خصوصاً نوجوان طبقہ ندی نالوں اور دریاؤں میں نہانے کی کوشش کرتا ہے، جو جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔ اسی خطرے کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 کے تحت نہانے پر پابندی عائد کر رکھی ہے، جس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

پولیس ترجمان نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو دریا یا خطرناک مقامات پر نہانے سے باز رکھیں، تاکہ ان کی قیمتی جانوں کو ضائع ہونے سے بچایا جا سکے۔

جہلم پولیس نے واضح کیا کہ شہریوں کی حفاظت کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح متحرک ہیں، اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button