پنڈدادنخان میں نامعلوم چور چھت توڑ کر دکان سے ہزاروں روپے مالیت کا سامان لے اُڑے

پنڈدادنخان: محلہ کوٹ سلطان کے قریب واقع حیدر کولڈ کارنر میں رات کی تاریکی میں چوری کی واردات پیش آئی، جہاں نامعلوم چور چھت توڑ کر دکان میں داخل ہوئے اور ہزاروں روپے مالیت کا سامان لے کر فرار ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ابتدائی تفتیش کا آغاز کر دیا، جبکہ مزید شواہد اکٹھے کرنے کے لیے راولپنڈی سے فرانزک ٹیم کو طلب کر لیا گیا ہے۔
مرکزی انجمن تاجران پنڈدادنخان کے صدر چوہدری زبیر جمیل نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ تاجروں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنڈدادن خان کے تاجر پہلے ہی مشکلات کا شکار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں جاری بیوٹیفکیشن پراجیکٹ میں تاخیر اور ناقص حکمت عملی کے باعث کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں اور بازار میں خریداروں کی آمد نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے۔
چوہدری زبیر جمیل نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اس اہم منصوبے کو بعض عناصر جان بوجھ کر متنازع بنا رہے ہیں۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ تاجروں کو درپیش مسائل کا فوری حل نکالا جائے اور سکیورٹی کے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔



