میدے کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود بیکری مصنوعات کی قیمتیں برقرار، شہری پریشان

جہلم: میدے کی قیمتوں میں غیر معمولی کمی کے باوجود شہر بھر میں بیکری مصنوعات کی قیمتیں کم نہ ہو سکیں، جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
حالیہ ہفتوں میں میدے کی قیمت میں تقریباً ساٹھ فیصد کمی واقع ہوئی ہے، لیکن اس کمی کا فائدہ صارفین تک نہیں پہنچ سکا۔ بیکری مصنوعات جیسے رس، ڈبل روٹی، بسکٹ، کیک اور دیگر اشیائے خوردونوش کی قیمتیں بدستور اپنی بلند ترین سطح پر برقرار ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلع بھر کی بیشتر بیکریاں اور دکاندار منافع خوری میں مصروف ہیں اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی جانب سے کوئی مؤثر کارروائی دیکھنے میں نہیں آ رہی۔ شہریوں نے شکوہ کیا کہ قیمتوں میں کمی کا فائدہ صرف ذخیرہ اندوزوں اور دکانداروں کو ہو رہا ہے، عام صارف مہنگائی کی چکی میں پس رہا ہے۔
میڈیا نمائندگان کی جانب سے مختلف بازاروں اور بیکریوں میں کیے گئے سروے کے مطابق رس، بسکٹ، کیک اور دیگر مصنوعات کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہیں۔
انتظامیہ کی خاموشی پر عوامی حلقوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، کمشنر راولپنڈی اور ڈپٹی کمشنر جہلم سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ فوری طور پر بیکری مالکان کے خلاف کارروائی کرے، پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال بنایا جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے حقیقی معنوں میں اقدامات کیے جائیں۔



