دینہ میں موٹر سائیکل چور دتو گینگ کے 2 کارندے گرفتار،چوری شدہ موٹر سائیکلز برآمد

دینہ پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے موٹرسائیکل چوری کرنے والے گینگ کے دو کارندوں کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق دینہ پولیس نے موٹرسائیکل چوری میں ملوث بدنام زمانہ "دتو گینگ” کے دو کارندوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے تین چوری شدہ موٹرسائیکلیں برآمد کر لیں۔ کارروائی ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر ایس ایچ او تھانہ دینہ کی زیر قیادت انچارج چوکی سٹی دینہ اور ان کی ٹیم نے کی۔
پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ہونے والے ملزمان کی شناخت اللہ دتہ اور عدنان جہانگیر کے ناموں سے ہوئی ہے جو دینہ اور گردونواح میں موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث تھے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے تین چوری شدہ موٹرسائیکلیں برآمد کر لیں۔
ڈی پی او جہلم نے کارروائی میں شامل ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے، اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد کی بنیاد پر چالان تیار کیا جا رہا ہے اور انہیں عدالت میں پیش کر کے قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔



