بارشوں کے بعد منگلا ڈیم بھرنے لگا، ضلعی انتظامیہ ہائی الرٹ، دریا کنارے آبادیوں کو خالی کرانے کی ہدایات

جہلم: حالیہ موسم برسات کے دوران شدید بارشوں کے باعث منگلا ڈیم میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید بارشوں کی پیش گوئی کے بعد ممکنہ طور پر ڈیم بھرنے پر دریائے جہلم میں بڑی مقدار میں پانی چھوڑا جا سکتا ہے۔ اس ممکنہ صورتحال کے پیش نظر تمام متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ریونیو سنیہ صافی نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ دریائے جہلم کے قریب آباد بستیوں کو بروقت اطلاع دے کر خالی کروانا ازحد ضروری ہے تاکہ ممکنہ سیلاب کی صورت میں جانی و مالی نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔

اجلاس میں منگلا ڈیم اتھارٹی کی جانب سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اس وقت ڈیم میں پانی کی سطح 1180 فٹ تک پہنچ چکی ہے جبکہ ڈیم کی مکمل گنجائش 1242 فٹ ہے۔ آئندہ چند روز میں پانی کی آمد میں مزید اضافے کی توقع ہے، جس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو مسلسل آگاہ رکھا جا رہا ہے۔
ڈی او ریسکیو انجینئر سعید احمد نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حالیہ بارشوں کے نتیجے میں جہلم کے کئی علاقوں میں سیلابی کیفیت پیدا ہوئی ہے اور نقصانات بھی سامنے آئے ہیں۔ اس تناظر میں ضلع بھر میں پانچ مقامات پر فلڈ کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں اور ریسکیو اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی کی جا سکے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سنیہ صافی نے کہا کہ ضلع جہلم میں حالیہ طوفانی بارشوں کے باعث ایک لاکھ ایکڑ سے زائد رقبہ زیر آب آ چکا ہے، اس لیے ضلعی اداروں کو منگلا ڈیم سے ممکنہ طور پر چھوڑے جانے والے پانی سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہنا ہوگا۔



