جشن سوہاوہ شوٹنگ والی بال ٹورنامنٹ اختتام پذیر، شاہین سیون سٹار کلب چیمپئن قرار

سوہاوہ میں روایتی اور مقبول کھیل شوٹنگ والی بال کے فروغ کے لیے منعقد کیا گیا "جشنِ سوہاوہ شوٹنگ والی بال ٹورنامنٹ” انتہائی کامیابی اور جوش و خروش کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔ ٹورنامنٹ میں علاقے بھر سے نامور ٹیموں نے شرکت کی جبکہ فائنل مقابلہ شائقینِ کھیل کی بھرپور توجہ کا مرکز بنا رہا۔

ٹورنامنٹ کا فائنل میچ گکھڑ لجپال کلب اور شاہین سیون سٹار کلب کے درمیان کھیلا گیا۔ دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے شاندار کھیل، بہترین مہارت اور بھرپور مقابلے کا مظاہرہ کرتے ہوئے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ سنسنی خیز اور کانٹے دار مقابلے کے بعد شاہین سیون سٹار کلب نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل اپنے نام کر لیا اور بطور انعام موٹر سائیکل حاصل کرنے کا اعزاز بھی اپنے نام کیا۔

ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر علاقائی کھیلوں کے حلقوں، شائقین اور نوجوانوں کی جانب سے چیف آرگنائزرز محمد عثمان کیانی اور ساجد محمود اعوان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ دونوں منتظمین نے دن رات محنت کرکے نوجوانوں کے لیے ایک مثبت، صحت مند اور تفریحی سرگرمی کا انعقاد ممکن بنایا، جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔

اس شاندار ایونٹ کی کامیابی میں سمندر پار پاکستانیوں اور مقامی شخصیات نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ راجہ محمد شیراز کیانی (یوکے)، چیئرمین اختر ویلفیئر نے خصوصی مالی اور اخلاقی تعاون فراہم کیا جبکہ معروف سیاسی و سماجی شخصیت راجہ زاہد عزیز خان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کر کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ شاہد اصغر اعوان (ناروے) نے بھی ٹورنامنٹ کے انعقاد میں بھرپور تعاون کیا۔

تقریب میں سوہاوہ کی معروف سماجی شخصیت چاچو سعید (ایدھی آف سوہاوہ) کی خصوصی شرکت بھی توجہ کا مرکز بنی۔ شرکاء نے ان کی سماجی خدمات اور ٹورنامنٹ کی کامیابی کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی موجودگی نے ایونٹ کی رونق کو مزید بڑھا دیا۔

اختتامی تقریب میں مہمانانِ خصوصی نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں کے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کیے۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ ایسے کھیلوں کے مقابلے نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے، صحت مند معاشرے کے قیام اور کھیلوں کے میدانوں کو آباد رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی سوہاوہ میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوان ٹیلنٹ کو آگے لانے کے لیے ایسے شاندار ایونٹس کا انعقاد جاری رکھا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں منوانے کے مزید مواقع میسر آ سکیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button