جہلم پولیس اور الصدیق ویلفیئر سوسائٹی کا روڈ سیفٹی اور کمیونٹی فلاح کے لیے مشترکہ اقدام

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کی زیرِ قیادت پولیس تحفظ مرکز جہلم میں الصدیق ویلفیئر سوسائٹی کے تعاون سے ایک موثر روڈ سیفٹی آگاہی پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں میں مفت ہیلمٹ تقسیم کیے گئے اور ٹریفک قوانین کی اہمیت اجاگر کی گئی۔
تقریب میں ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر (ڈی ٹی او) خرم نے شرکت کی اور شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روڈ سیفٹی ہر شہری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہیلمٹ کا استعمال ایک چھوٹا قدم ہے، جو انسانی جان بچانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔
پروگرام کے دوران الصدیق ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے بڑی تعداد میں ہیلمٹس فراہم کیے گئے، جو بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں میں مفت تقسیم کیے گئے۔ اس اقدام کو شہریوں کی جانب سے سراہا گیا اور محفوظ سواری کے فروغ کے لیے اسے ایک مثبت، عملی اور قابل تقلید قدم قرار دیا گیا۔
قبل ازیں ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر میثاق سینٹر جہلم اور پولیس تحفظ مرکز نے ایک اور قابلِ تحسین اقدام کیا۔ الصدیق ویلفیئر سوسائٹی کے اشتراک سے کوئنونیا چرچ آف پاکستان میں ایک جدید الیکٹرک واٹر کولر بمع فلٹر نصب کیا گیا تاکہ چرچ میں آنے والے افراد کو صاف، ٹھنڈے اور صحت بخش پانی کی سہولت میسر ہو۔
چرچ کی انتظامیہ نے اس اقدام پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے الصدیق ویلفیئر سوسائٹی، پولیس تحفظ مرکز اور میثاق سینٹر کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ اس فلاحی عمل نے نہ صرف بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیا بلکہ سماجی خدمت، رواداری اور باہمی محبت کی ایک روشن مثال قائم کی۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور ان کی خدمت جہلم پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ پولیس ہر سطح پر عوامی فلاح اور سماجی بھلائی کے منصوبوں میں پیش پیش ہے تاکہ ایک محفوظ، پرامن اور مربوط معاشرہ قائم کیا جا سکے۔



