دینہ: نادرا آفس میں شہریوں کو شدید مشکلات، طویل قطاریں اور عملے کے رویے پر شکایات

دینہ کے نادرا آفس میں شہریوں کو مبینہ طور پر شدید مشکلات اور پریشانی کا سامنا ہے، جہاں دور دراز علاقوں سے آنے والے سائلین اپنے ضروری امور کی انجام دہی کے لیے سارا سارا دن طویل قطاروں میں کھڑے رہنے پر مجبور ہیں۔ شہریوں نے شکایت کی ہے کہ انہیں بروقت سہولیات فراہم کرنے کے بجائے مختلف مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جبکہ عملے کی کارکردگی اور رویے پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق دینہ نادرا آفس میں شہریوں کے مسائل حل ہونے کے بجائے دن بدن بڑھتے جا رہے ہیں۔ دور دراز علاقوں سے آنے والے بزرگ شہریوں، خواتین اور نوجوانوں کو شناختی کارڈ سمیت دیگر ضروری امور کی انجام دہی کے لیے گھنٹوں طویل قطاروں میں انتظار کرنا پڑتا ہے۔ اس صورتِ حال کے باعث بالخصوص بزرگوں اور خواتین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ عملے کی مبینہ غفلت، نامناسب رویے اور نظام میں خرابیوں کے باعث روزانہ بڑی تعداد میں لوگ اپنے کام مکمل کروائے بغیر واپس لوٹنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ ان کے مطابق بعض اوقات طویل انتظار کے باوجود سائلین کے مسائل حل نہیں ہو پاتے، جس سے نہ صرف ان کا قیمتی وقت ضائع ہوتا ہے بلکہ انہیں دوبارہ دفتر کے چکر بھی لگانا پڑتے ہیں۔
عوامی حلقوں نے یہ شکایت بھی کی ہے کہ شہریوں کی بڑی تعداد موجود ہونے کے باوجود عملے کی جانب سے کام کی رفتار بہتر بنانے اور سائلین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات نظر نہیں آتے۔ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ دفتر میں آنے والے افراد کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور عوام کے ساتھ مناسب رویہ اختیار کیا جائے۔
دینہ کی عوامی، سماجی اور مذہبی شخصیات نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ نادرا آفس کی صورتِ حال کا فوری نوٹس لیا جائے، عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے اور شہریوں کو درپیش مشکلات کا مستقل حل نکالا جائے۔ انہوں نے دینہ نادرا آفس میں تعینات انچارج کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو بروقت اور بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے انتظامی سطح پر ضروری اقدامات کیے جائیں۔
عوامی حلقوں نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ دینہ نادرا آفس میں نظام کو بہتر بنایا جائے، طویل قطاروں اور غیر ضروری انتظار کا خاتمہ کیا جائے اور بزرگ شہریوں، خواتین سمیت تمام سائلین کو باعزت اور مؤثر انداز میں سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ شہریوں کی مشکلات کا ازالہ ممکن ہو سکے۔



